بیدر28اکتوبر (ایس او نیوز؍محمدامین نوازبیدر )ریاستی وزیر قانون و پارلیمانی اُمور مسٹر ٹی بی جئے چندرا نے بتایا کہ 13؍نومبرسے بلگاوی میں شروع ہونے والے دس روزہ لیجسلیچر اجلاس کے دوران ریاستی حکومت انسداد توہم پرستی بِل بشمول چار اہم بلس پیش کرے گی۔انھوں نے بتایا کہ درج فہرست طبقات کو سرکاری ملازمتوں کے پروموشن میں ریزرویشن دینے منگلور میں روایتی تہوار کمبالا کے اہتمام کی اجازت عام کرنے کے متعلق بلس اس اجلاس میں پیش ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ درج فہرست طبقات کو پروموشن کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے پیشِ نظر ان کے مفادات کی حفاظت کیلئے حکومت یہ قدم اُٹھارہی ہے۔ انھو ں نے کہا کہ درج فہرست طبقات کو ملازمتوں کے پروموشن پر ریزرویشن دینے کیلئے حکومت نے ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی نے اپنا جائزہ مکمل کرنے کے بعد حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔ اس رپورٹ میں شامل سفارشات کی بنیاد پر ہی ریزرویشن کی کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر وزیر موصوف نے اشارہ دیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر13؍نومبر سے دس دنوں کیلئے طلب کئے گئے بلگاوی لیجسلیچر اجلاس کی مدت میں اِضافہ بھی کیاجائے گا۔